فیڈرل بورڈ کے ٹاپ 120 طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ فیڈرل بورڈ کے ٹاپ 120 طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر رانا تنویر کی صدارت میں الیکٹرک وہیکلز پالیسی پر ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر 40 چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر رانا تنویر نے سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہا اور تمام پیٹرول پمپس پر چارجنگ اسٹیشنز نصب کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ فیڈرل بورڈ کے 120 بہترین طلبہ کو الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، جبکہ 39 ہزار الیکٹرک بائیکس اور 1,900 رکشے رعایتی قرضوں پر دیے جائیں گے۔ وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق اسلام آباد کو ماڈل شہر بنایا جائے گا، اور الیکٹرک وہیکلز پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

دوسری جانب، خیبر پختونخوا حکومت نے نوجوانوں کی فنی تربیت کے لیے 4 نئے پروگرامز شروع کرنے کا اعلان کیا۔ ان پروگرامز کے تحت، احساس ہنر پروگرام کے ذریعے 35 ہزار سے زائد نوجوانوں کو 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔ اس پروگرام کی مالی معاونت کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

مزید یہ کہ دیہی علاقوں کے 60 ہزار نوجوانوں کو مفت ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، 25 ہزار نوجوانوں کو انٹرن شپ اور ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فنی تربیت کا حصول بہت ضروری ہے، کیونکہ حکومت ہر کسی کو سرکاری ملازمتیں نہیں دے سکتی، لیکن نجی شعبے میں نوجوانوں کے لیے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔