وزیراعظم کے مشیر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کا پیغام بھیجا تو ہماری طرف سے انکار نہیں ہوگا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے لیکن مذاکرات کا پیغام نہیں بھیجا، مذاکرات کا پیغام ملا تو ہماری طرف سے انکار نہیں ہوگا، فائنل کال سے پہلے تحریک انصاف سے رابطہ کیا گیا تھا، عمران خان کی رہائی کی بات نہیں ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے آفر کی ہے کہ صدق دل سے معذرت کریں، 9 مئی کو کن کی تنصیبات اور گھر پر حملہ کیا گیا، یہ 9 مئی واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتے، کیوں نہیں کہتے کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا 9 مئی کو ہم نہیں تھے، وہ خود ہی تھے، یہ تو اور تلخی بڑھانے کی بات ہے، تحریک انصاف نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے لیکن بات چیت کا پیغام نہیں دیا، تحریک انصاف کا ہمارے لئے ابھی یہی پیغام ہے کہ ہم آپ سے کیوں مذاکرات کریں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مدارس رجسٹریشن کا معاملہ بیٹھ کر سلجھایا جا سکتا ہے، مدارس رجسٹریشن کے معاملے میں کوئی ڈیڈ لاک والی بات نظر نہیں آ رہی، سوسائٹی ایکٹ یا وزارت تعلیم سے رجسٹرڈ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔