پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عاقب جاوید کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔
واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلر عاقب جاوید وائٹ بال کے عبوری ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جیسن گلیسپی کی جانب سے ریڈبال ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
عاقب جاوید کی بطور ریڈ بال ہیڈ کوچ پہلی اسائنمنٹ جنوبی افریقہ کے خلاف 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔
پہلا ٹیسٹ سینچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں 26 سے 30 دسمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ کیپ ٹاؤن کے نیولینڈز کرکٹ گراؤنڈ میں 3 تا 7 جنوری کو ہوگا۔
قومی کرکٹ ٹیم اس وقت جنوبی افریقہ کے دورے پر موجود ہے، جہاں 3 ٹی 20 انٹرنیشنل، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جانی ہے۔
واضح رہے کہ آج یہ سہ پہر یہ پیش رفت سامنے آئی تھی کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی پی سی بی سے ناراض ہوگئے اور انہوں نے جنوبی افریقہ جانے سے انکار کر دیا تھا۔
ان کا یہ ردعمل اس وقت میں سامنے آیا تھا، جب پی سی بی کی جانب سے جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے اسسٹنٹ کوچ ٹم نیلسن کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ جیسن گلیسپی اسسٹنٹ کوچ ٹم نیلسن کو ہٹانے پر ناراض ہیں اور انہوں نے جنوبی افریقہ جانے سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ جیسن گلیپسی ٹم نیلسن کے معاہدے کی توسیع نہ ہونے پر ناراض تھے۔
28 اکتوبر 2024 کو قومی ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اختلافات کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا، بورڈ نے ان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے جیسن گلیپسی کو دورہ آسٹریلیا کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کردیا تھا۔
بعد ازاں، 18 نومبر پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کو چیمپئنز ٹرافی تک قومی وائٹ بال ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے ’ایکس‘ پر جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 تک قومی وائٹ بال ٹیم کے عبوری کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔