عمران خان کے ملٹری ٹرائل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا: ترجمان

تحریک انصاف خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ملٹری ٹرائل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جعلی حکومت نے ملٹری ٹرائل کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا ہوا ہے، جعلی حکومت سیاسی مفادات کیلئے فوج اورعوام کے درمیان تلخیاں پیدا کرنے کی ناکام کوششیں بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مافیا کو بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنے میں ہی اپنی بقا نظر آ رہی ہے، عمران خان ایک ملک گیر پارٹی کے سربراہ اور کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہیں، جعلی حکومت کا یہ اقدام جمہوریت پر شب خون مارنے کی ایک اور کوشش ہے۔ جعلی حکومت نے سول نافرمانی پر آسمان سر پر اٹھایا ہے جبکہ ملٹری ٹرائل کی حمایت کر رہی ہے، جعلی حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بغض میں ہر حد تک جانے کیلئے تیار بیٹھی ہے۔