امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ 7 ارب روپے ایم کیو ایم کو دیے گئے ہیں تاکہ وہ کچھ نہ بولے۔
منعم ظفر نے ادارۂ نورِ حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل یوسی 5 جناح ٹاؤن میں ایم کیو ایم کے دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ جناح ٹاؤن میں یوسی چیئرمین اور دیگر لوگوں کو زد و کوب کیا گیا، فارم 47 کے تحت مسلط کیے گئے لوکوں کو حد میں رہنا ہو گا۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے شہر کو بھتہ خوری اور لاشوں کا تحفہ دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک 19 سال میں نہ جنریشن اور نہ ہی ڈسٹری بیوشن میں کوئی کام کر سکی، سردی میں بھی شہر میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔
منعم ظفر نے کہا کہ نیپرا کے الیکٹرک کا ربڑ اسٹیمپ بنا ہوا ہے، نیپرا نے 5 کروڑ روپے کا جرمانہ کیا لیکن کے ای کہتی ہے کہ لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہو گی۔
اُنہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک جب تک عوام دشمنی ختم نہیں کرتی اس سے ہماری دشمنی جاری رہے گی۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے مطالبہ کیا ہے کہ کےالیکٹرک کا لائسنس ختم کیا جائے، شہر کو این ٹی ڈی سی سے براہِ راست بجلی دی جائے اور شہریوں کے خلاف کے الیکٹرک نیپرا گٹھ جوڑ ختم کیا جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ منصوبے ختم ہونے کا نام نہیں لیتے، سڑکیں کھدی ہوئی ہیں، دیگر صوبوں میں منصوبے 11 ماہ میں بن جاتے ہیں لیکن کراچی میں کئی سال لگ جاتے ہیں، ریڈ لائن منصوبے پر 35 مہینے سے کام جاری ہے لیکن اب تک یہ منصوبہ نہیں بن سکا۔
منعم ظفر نے کہا کہ آصف زرداری اگر کرپشن ختم کرنے کی بات کرتے ہیں تو یہ قیامت کا منظر ہے۔