گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا صنعتی ترقی کیلئے چین کے تعاون پر اظہار تشکر

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صنعتی ترقی کیلئے چین کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔

اسلام آباد میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے چین کے سفارتخانے کا دورہ کیا، چین کے سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے چینی سفیر سے ملاقات کی جس میں باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی، سندھ میں صنعتی زونز میں چینی فیکٹریوں کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ میں چین کے وسیع تعاون پر گفتگو ہوئی، پاکستان سٹیل مل کی بحالی کے لئے چین کی سرمایہ کاری پر بات چیت کی گئی، سندھ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور سولر انڈسٹری کے منصوبوں پر چینی ٹیکنالوجی کے استعمال پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔

سندھ کے ساحلی علاقوں میں سرمایہ کاری اور کارگو شپنگ کے مواقع پر گفتگو کی گئی، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالہ سے تبادلہ خیال بھی ہوا۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صنعتی ترقی کیلئے چین کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان سے تعلقات کو فوقیت دی، چین کے سرمایہ کار صوبہ کے مختلف منصوبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔