چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے اہم خبر سامنے آگئی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی سے متعلق حتمی شیڈول کا اعلان آج متوقع ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارت کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان تمام معاملات طے پا گئے ہیں، اور دونوں بورڈز کے درمیان معاہدہ آخری مراحل میں ہے۔

پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز نے باہمی تعاون کے ساتھ آئی سی سی کو نئے مسودے پر یقین دہانی کروا دی ہے، جس کے بعد آج حتمی اعلان کیے جانے کی توقع ہے۔

چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلی جائے گی، اور 2026 تک پاکستانی ٹیم بھارت کے کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کے لیے بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔

رپورٹس کے مطابق، اگر بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل یا فائنل تک نہیں پہنچ پاتی، تو ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل اور فائنل پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے۔ تاہم، اگر بھارت سیمی فائنل یا فائنل میں جگہ بناتا ہے، تو ایک سیمی فائنل اور فائنل متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع چیمپئنز ٹرافی کا میچ دبئی میں کھیلا جائے گا، اور بھارت اپنے تین گروپ میچز بھی دبئی میں ہی کھیلے گا۔ آئی سی سی کے آفیشل اجلاس میں ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی گئی ہے، اور پاکستان اور بھارت کے درمیان اس حوالے سے اصولی معاہدہ بھی مکمل ہو چکا ہے۔