264

چینی قونصل خانہ حملے میں ملوث مزید سہولت کار گرفتار

کراچی۔کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے کہاہے کہ چینی قونصل خانہ حملے میں ملوث مزید سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے،ہلاک دہشت گرد جس ہوٹل میں ٹھہرے تھے،اس کا بھی پتہ چل گیاہے،ہوٹل سے کئی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ہفتہ کوکراچی کے علاقے ڈیفنس ویو میں نجی یونیورسٹی کے یوتھ پارلیمنٹ کی تقریب کاانعقاد کیاگیا۔

تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ چینی قونصل خانے پر حملے کی تحقیقات سی ٹی ڈی کررہی ہے جبکہ رینجرز، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور پولیس بھی اس کیس میں کام کررہے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر سی ٹی ڈی سے معلومات اورپیش رفت کے بارے میں پوچھ گچھ کررہا ہوں، جوں ہی پیش رفت ہوگی اس کے بارے میں بتائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ شارع فیصل پر موٹر سائیکل سواروں کے لئے الگ لین بنائی گئی جو اب تک مکمل نہیں مگر اس کا افتتاح کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں آگاہی اور عوامی شعور کیلئے بورڈ بھی آویزاں کئے جائیں گے۔موٹرسائیکل سواروں کو لین میں چلنے کا پابند کیا جائے گا ساتھ ہی ہیلمٹ کی پابندی کرائی جائے گی۔

پولیس چیف کے مطابق بسوں کو اسٹاپ پر رکنے کا پابند کیاجائیگا۔مائی کلاچی پر ہیوی ٹریفک کی لین الگ کرنے کا پروگرام ہے۔اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف نے منشیات کے خلاف جلد ڈرگ آگاہی کے لئے ویب سائٹ لاؤنچ کرنے کا اعلان بھی کیا۔