529

اندرون شہر گیس مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات شروع

پشاور۔شہر میں گیس کے مسئلہ کے حل کے لئے اقدامات کاآغاز کردیاگیا جی ٹی روڈ پر 12انچ نئی پائپ لائن بچھائی جائے گی، جو کہ 8کلو میٹر پر مشتمل ہوگی، نئی پائپ لائن سے اندرون شہر میں گیس کا مسئلہ حل ہو جائے گا گزشتہ روز ترناب فیڈنگ سٹیشن جی ٹی روڈ پر پشاور شہر میں گیس توسیع منصوبے کا افتتاح رکن قومی اسمبلی حاجی شوکت علی اور ارباب عامر ایوب نے کیا، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی آصف خان، جنرل منیجر سوئی گیس ا رباب ثاقب خان، سوئی گیس کے افسر وقاص خان، پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان بھاری تعداد میں موجود تھے۔

افتتاح کے دوران رکن قومی اسمبلی حاجی شوکت علی نے پشاور گیس توسیع منصوبے کی نقاب کشائی کی جبکہ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ نئی 12انچ پائپ لائن سے پشاور شہر کا دیر ینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 12انچ پائپ لائن ترناب سٹیشن سے سور ی پل جی ٹی روڈ تک بچھائی جائے گی جو8کلو میٹر پر مشتمل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی پائپ لائن اضافی ڈالی جا رہی ہے جس سے پشاور کو اپنی ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی ہوگی ۔ 

انہوں نے کہا کہ اندرون شہر اور خصوصی طور پر این اے 31میں گیس کا مسئلہ حل ہو جائے گی تقریبا 15کروڑ روپے کی خطیر رقم سے یہ منصوبہ مکمل کیا جائے گا وزیر اعظم عمران خان نے بھی پشاور کے لئے خصوصی پیکچ جو کہ ایک اجلاس کے دوران پیش کیا گیا تھا اس کو منظور کیا ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے اور انشاء اﷲ اہلیان این اے 31و پشاور کے رہائشیوں کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان تحریک انصاف کی فتح ہے کہ انہوں نے عرصہ 4ماہ میں پشاور شہر کے لئے بڑے منصوبے منظور کروا ئے 5سالوں میں پشاور شہر کو مثالی شہر بنا دیا جائے گا۔