549

خون کے عطیات دینے والوں کیلئے ممبرشپ فارم

پشاور۔خیبر پختونخوا پولیس نے خون کے عطیات کیلئے پولیس ویب سائٹ کی لسٹ میں ’’ بلڈ ڈونرز کارنر‘‘ کے عنوان سے خون کے عطیات دینے والوں کی ممبرشپ فارم کا اجراء کردیا ہے آن لائن ایف آئی آر کے اندراج کے طرز پر تیار کردہ اس بلڈ ڈونرز کارنر میں لوگ رضاکارانہ طور پراپنی ممبر شپ کا اندراج کررہے ہیں۔

پولیس کسی بھی ناخوشگوار واقعات یعنی بم دھماکہ، روڈ حادثات اور دیگر ناگہانی آفات اور واقعات میں فرسٹ رسپانڈر کے طور پر فرائض سرانجام دیتے ہیں اور موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو ابتدائی علاج معالجے کیلئے فوراً قریبی ہسپتالوں کو پہنچا دیتے ہیں بعض اوقات زخمیوں کو درکار خون کی بروقت فراہمی نہ کرنے کی صورت میں زخمی کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے حالیہ دہشت گرد ی کے واقعات میں پولیس کو بالخصوص اس قسم کی صورتحال کا بار بار سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب معاشرے میں ایسے درمند افراد بھی کثیر تعداد میں موجود ہیں جو مصیبت اور آزمائش کی گھڑی میں خون کے عطیات بڑھ چڑھ کر دیتے ہیں۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس نے خون کے عطیات دینے والوں کے لیے آن لائن ممبر شپ فارم کا اجراء کردیا ہے۔ جسمیں خدمت خلق کے جذبے سے سرشار درمند افراد رضاکارانہ طور پر اندراج کرکے بوقت ضرورت خون کا عطیہ دے رہے ہیں اور اس لسٹ میں دن بدن خون عطیات دینے والوں کا اضافہ ہو رہا ہے۔ پولیس ویب سائٹ پر موجود بلڈ ڈونرز لسٹ پر صوبہ بھر سے تقریباً 350 افراد نے رضاکارانہ طور پر اپنی ممبر شپ کا اندراج کیا ہے۔