199

پشاور میں دیرینہ دشمنی پر سینئر وکیل قتل

پشاور۔پشاور کے مصروف ترین بازار نوتھیہ میں سابقہ دشمنی کی بناء پر ہائی کورٹ کے سینئر وکیل نیازمین شاہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیاملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے واقعہ کے بعد مقتول کے لواحقین نے مشتعل ہوکر مبینہ طورپر ملزموں کے تین گھروں کوآگ لگادی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیاحالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری بھی طلب کی گئی ۔

پیر کے روز پشاور ہائی کورٹ کے سینئر وکیل نیازمین شاہ ولد صالح شاہ سودا سلف خریدنے کیلئے نوتھیہ بازار آئے ہوئے تھے کہ اس دوران سابقہ دشمنی کی بناء پر مخالفین ظفیر گل ٗ رحیم شاہ ٗ عادل اور شیر عادل نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے، بھرے بازار میں فائرنگ کے اس واقعے سے بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیاواقعے کے بعد مقتول کے لواحقین نے مشتعل ہوکر کوٹلہ محسن خان میں واقع مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کرنے کے بعد تین گھروں کونذر آتش کردیا۔

جس کے نتیجہ میں قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا تاہم واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، آگ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، امدادی ٹیموں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا جبکہ پولیس نفری کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر رات گئے تک علاقے میں تعینات رہی۔ دوسری جانب سینئروکیل نیازمین شاہ کے بہیمانہ قتل کے خلاف آج منگل کے روز صوبہ بھرمیں عدالتی بائیکاٹ کااعلان کردیاہے پشاورہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری یاسرخٹک نے اس ضمن میں بتایا کہ پشاورہائی کورٹ کے سینئروکیل نیازمین شاہ کوپیرکی سہ پہرعدالت سے گھرجاتے ہوئے نوتھیہ سٹاپ پرنامعلوم ملزموں نے فائرنگ کرکے قتل کردیاہے۔

انہوں نے حکومت سے وکلاء کوتحفظ دلانے کامطالبہ کیااورکہاکہ نیازمین شاہ کے قتل کے خلاف آج منگل کے روز پشاورہائی کورٹ اورماتحت عدالتوں کامکمل بائیکاٹ کیاجائے گااورکوئی بھی وکیل پیش نہ ہوگا ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)آپریشنز پشاور جاوید اقبال نے مقتول وکیل نیازمین شاہ کے لواحقین کی جانب سے مبینہ ملزمان کے گھر پر حملہ کرکے آگ لگانے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سبرب اورایس ایچ او بھانہ ماڑی کو ملزمان کی گرفتاری کی ہدایات جاری کردی ہیں ، پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی آپریشن نے اس ضمن میں ایس پی سٹی شفیع اللہ گنڈاپور کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔