140

ورلڈ بینک کے سربراہ کا قبل از وقت مستعفی ہونے کا اعلان

واشنگٹن۔عالمی بینک کے سربراہ جم یانگ کم نے مدت ملازمت پوری ہونے سے قبل ہی عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ۔

ان کی مدت ملازمت 2022 میں ختم ہونا تھی لیکن وہ یکم فروری 2019 کو عہدہ چھوڑ دیں گے۔ورلڈ بینک کی ویب سائٹ پر جاری پریس ریلیز میں انہوں نے کہا ہے کہ بہترین ادارے کی سربراہی میرے لیے قابل فخر بات ہے۔ جم یانگ کم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی غربت، مہاجرین کا بحران اور بڑھتے ہوئے ماحولیاتی ماسائل کی موجودگی میں ورلڈ بینک کا کردار اور بھی اہم ہو گیا ۔انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ایک ایسے ادارے کی سربراہی میرے لیے قابل فخر بات ہے جس کے ملازمین نے دنیا کو غربت سے پاک کرنے کے نزدیک پہنچا دیا ہے۔ ورلڈ بینک کے سربراہ نے لکھا کہ میں یکم فروری کو عہدے سے مستعفی ہوجاؤں گا۔

امریکی صدر براک اوباما نے جم یونگ کم کو مارچ 2012 میں عالمی بینک کا سربراہ مقرر کیا تھا۔جم یانگ کم کے بعد ورلڈ بینک کی چیف ایگزیکٹو افسر ادارے کی قائمقام صدر ہوں گے اور نئے صدر کا انتخاب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اختیار ہے۔