488

بونیر کے میلے کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان

پشاور۔خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت ، ثقافت ، آرکیالوجی ، کھیل و امور نوجوانان محمد عاطف خان نے بونیر کے روائتی میلے جشن ایلم کو رواں سال حکومتی سطح پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ سیاحت و ثقافت کو اس حوالے سے بھر پور تیارکرنے کی ہدایت جاری ہے اس کے علاوہ انہو ں نے بونیر کے چار پرفضا مقامات کو نئے سیاحتی مقامات کی پانچ سالہ پلان میں شامل کرنے کی منظوری کے علاوہ مرغزار سے ایلم وادی تک سات کلومیٹر روڈ کی تعمیر کی منظوری بھی دی ہے ۔ 

یہ منظوری سینئر وزیر نے بونیر کو سیاحتی لحاظ سے پرکشش بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں دی ہے ۔ اجلاس میں بونیر سے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی فخر جہان ، سیکرٹری سیاحت شاہد زمان ، ایڈیشنل سیکرٹری سیاحت بابر خان اور ڈائریکٹر آرکیالوجی شہباز خان بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں بونیر میں سیاحت کے فروغ کے حوالے تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ عاطف خان نے کہا کہ بونیر کے چار سیاحتی مقامات ، ایلم ، کلیل ، شہیدہ سر چغرزئیاور سرملنگ سیاحتی لحاظ سے پرکشش مقامات ہیں جن کو ترقی دے کر تمام تر سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا ۔

ان مقامات کو ترقی دینے سے نہ صرف بونیر میں مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آجائیں گے بلکہ بونیر کی خوبصورتی بھی دنیا پر آشکارا ہوجائے گی ۔ اس کے علاوہ سینئر وزیر نے سیاحوں کی آسانی اور مقامی لوگوں کی آمدورفت کو آسان بنانے کے لئے مرغزار سے ایلم تک سات کلومیٹر روڈ کی منظوری بھی دی ۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کئی سالوں سے بند جشن ایلم میلہ بھی رواں سال حکومتی سطح پر مانے کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ ثقافت کے حکام کو اس سلسلے میں بھر پور تیاری کرنے کی ہدایت کی ۔