567

پشاور رنگ روڈ پر پراسرار دھماکہ ٗ مزدور زخمی

پشاور۔پشاور رنگ روڈ پر سکریپ گودام میں پراسرار دھماکہ کے نتیجہ میں ایک مزدور زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے گودام کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

پولیس ترجمان محمد الیاس سدوزئی کے مطابق ہفتہ کی صبح تقریباً 10 بجکر 30 منٹ پر تھانہ پھندو کی حدود شاہین مسلم ٹاون میں فصیح اللہ ولد حاجی بہادر شیر سکنہ پھندو روڈ شاہین مسلم ٹاون کے سکریپ گودام میں ایک حادثہ پیش آیا جس کے دوران کام میں مصروف ایک مزدور سید خان ولد فضل سبحان سکنہ پھندوروڈ معمولی زخمی ہوا جس کو فوری طور پر طبی امداد کی خاطر ایل آر ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

ترجمان کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کے ساتھ ساتھ بی ڈی یو اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں بی ڈی یو ٹیم کے ذریعے پورے گودام کی سویپنگ کی گئی جس کے دوران کوئی آتش گیر موادیا کسی دستی بم، دھات یا دیگر کسی مشکوک شے یا ٹکڑے بر آمد نہ ہوئے تاہم زخمی سید خان کے مطابق وہ معمول کے امور سرانجام دے رہا تھا کہ اس دوران کسی شے (جو اس نے نہیں دیکھی)سے اس کا پاوں ٹھکرانے سے وہ چیز پھٹ گئی جس سے اس کا پاوں زخمی ہوگیا۔ ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔