561

لیجنڈ اداکارہ روحی بانو انتقال کرگئیں

لاہور: اپنی اداکاری سے سب کو محظوظ کرنے والی لیجنڈ اداکارہ روحی بانو انتقال کر گئیں۔

 پاکستان فلم وڈرامہ انڈسٹری کی ماضی کی خوبرو اداکارہ روحی بانو طویل علالت کے بعد آج 67 برس کی عمرمیں انتقال کرگئیں۔ روحی بانوکو 3 دسمبر کو استنبول کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔  اداکارہ پچھلے دس دن سے وینٹی لیٹرپرتھیں۔ ان کے گردے ناکارہ ہوچکے تھے اوروہ ذہنی امراضِ میں بھی مبتلا تھیں۔

روحی بانو کی بہن کا کہنا ہے کہ ساری فیملی اس وقت ترکی میں ہے، ابھی ان کی پاکستان میں تدفین سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

10 سال قبل اداکارہ کے اکلوتے بیٹے کو لاہورمیں قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد سے روحی بانو ذہنی طور پر بیماررہیں۔ اداکارہ روحی بانو نے علم نفسیات میں ماسٹر ڈگری حاصل کی تھی۔ انہوں نے متعدد ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہردکھائے اور شہرت حاصل کی۔

روحی بانو سے متعلق پاکستانی ڈرامہ و فلم ناقدین کا کہنا ہے کہ وہ جس آسانی سے سنجیدہ و مشکل کردارادا کرجاتی تھیں ایسا دیگر اداکاروں کے لیے کرنا  مشکل ہوتا تھا۔ روحی بانو نے 70 اور 80 کی دہائی میں ملکی ڈرامہ انڈسٹری پر راج کیا اورصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت متعدد ایوارڈ حاصل کیے۔

مشیراطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹرمرتضی وہاب نے سینئر آرٹسٹ روحی بانو کے انتقال پر اظہار تعزیت و افسوس کیا ہے۔