362

سارہ علی خان نے پہلی محبت کا اعتراف کر لیا

بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان نے یوں تو گزشتہ برس دسمبر میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ تاہم وہ فلمی کیریئر کے آغاز سے قبل ہی خبروں کی زینت بن چکی تھیں۔

دیگر نئی اداکاراؤں کے مقابلے سارہ علی خان نے سامنے آتے ہی ایک سے بڑھ کر ایک انکشافات یا بیانات دے کر میڈیا میں وہ جگہ بنائی جو ہر کسی کو نہیں ملتی۔ سارہ علی خان نے گزشتہ برس جہاں والد سیف علی خان کے سامنے کرن جوہر کے شو ’کافی ود کرن‘ میں کہا تھا کہ اگر ان سے شادی کرنے کی مرضی پوچھی جائے تو وہ رنبیر کپور سے شادی کریں گی۔

ساتھ ہی سارہ علی خان نے کہا تھا کہ اگرچہ وہ شادی تو رنبیر کپور سے ہی کریں گی، تاہم وہ دوستی کارتک آریان سے کریں گی۔ اس بیان کے بعد بھی سارہ علی خان کئی دن تک کارتک آریان سے محبت اور ان پر فدا ہونے کی باتیں کرتی رہیں، یہاں تک اپنی فلم ’سمبا‘ کی پروموشن کے دوران ایک تقریب میں رنویر سنگھ نے انہیں کارتک آریان سے ملوایا تو وہ بے حد خوش دکھائی دی تھیں۔

چند دن قبل ہی سارہ علی خان نے کہا تھا کہ تاحال انہیں کارتک آریان نے محبت کا جواب محبت میں نہیں دیا اور وہ ان کے جواب کی منتظر ہیں۔

ساتھ ہی اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں ان کی والدہ امریتا سنگھ نے مشورہ دیا ہے کہ اب جب تک کارتک آریان خود ان سے بات نہیں کرتا، تب تک وہ ان سے بات نہیں کریں گی۔ تاہم اب سارہ علی خان نے ایک نیا بیان دے کر چند سال قبل ہونے والی چہ مگوئیوں کو سچ ثابت کر دکھایا۔ 23 سالہ سارہ علی خان نے پہلی بار اعتراف کیا کہ انہیں پہلی محبت 18 سال کی عمر کے بعد ہی ہوئی تھی۔

ٹائمز ناؤ کے مطابق شوبز خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو کے دوران سارہ علی خان نے اعتراف کیا کہ وہ ماضی میں بھارتی ریاست مہارا شٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور یونین وزیر رہنے والے سشیل کمار شندے کے نواسے سے محبت کر چکی ہیں۔

سارہ علی خان نے اعتراف کیا کہ انہیں پہلی محبت ویر پہاڑیا سے ہی ہوئی اور ان دونوں کے تعلقات چند سال تک قائم رہے۔ سیف علی خان کی بیٹی نے ویر پہاڑیا کو بے وفا قرار دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اداکارہ کو نہ تو دھوکا دیا اور نہ ہی چھوڑ کر چلے گئے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان دونوں نے متعدد مرتبہ ملاقاتیں اور علیحدگی کے بعد تاحال اداکارہ کے تعلقات کسی اور لڑکے سے استوار نہیں ہوئے۔ اداکارہ نے تصدیق کی کہ اب ان کے اور ویر پہاڑیا کے درمیان تعلقات نہیں رہے اور نہ ہی اس وقت ان کے کسی اور لڑکے سے تعلقات ہیں۔

جس وقت ان دونوں کے تعلقات کی خبریں سامنے آئیں، اس وقت سارہ علی خان کی عمر 20 سال تھی، تاہم اطلاعات کے مطابق ان کے تعلقات 2016 سے قبل استوار ہوئے تھے۔ دونوں کی رومانوی تصاویر سامنے آنے کے بعد انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی تھیں۔