154

وفاقی حکومت نے 6 ماہ میں 2 ارب 31 کروڑ ڈالر کا غیرملکی قرض لیا

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق حکومت نے ماہ دسمبر میں مقامی ذرائع سے 2 سو 12 ارب روپے کا قرضہ لیا۔

اسٹیٹ بینک نے حکومتی قرضوں کے حجم کی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق حکومت نے ماہ دسمبر میں مقامی ذرائع سے 212 ارب روپے کا قرضہ لیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے اعلامیے میں بتایا کہ حکومت نے دسمبر میں 28 ارب کے بیرونی قرضوں کی واپسی کی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت کے قرضوں کا حجم 26 ہزار 636 ارب روپے ہوگیا ہے جس میں مقامی قرضوں کا حجم 17 ہزار 5 سو 35 ارب روپے جب کہ بیرونی قرضوں کا حجم 9 ہزار ایک سو ایک ارب روپے ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اقتصادی امور ڈویژن نے اعلامیے میں بتایا تھا کہ حکومت نے دسمبر میں 42 کروڑ 26 لاکھ ڈالرز کا قرض لیا تھا جب کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ 6 ماہ میں 2 ارب 31 کروڑ ڈالرز کا غیر ملکی قرض لیا۔