634

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ تاخیر کا شکار نہیں‘ ترجمان

لاہور۔پاکستان اور چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے روشن مستقبل اور اس کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق کیا ہے۔وزرات منصوبہ بندی،ترقی اور اصلاحات کے ترجمان نے بعض ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ایک خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا کوئی بھی منصوبہ تاخیر کا شکار نہیں ۔

حال ہی میں بیجنگ میں منعقد ہونے والے مشترکہ تعاون کمیٹی کے 8ویں کامیاب اجلاس نے اقتصادی راہداری منصوبے کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ سماجی و اقتصادی اور صنعتی ترقی اور زراعت میں تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔

وزارت کے ترجمان نے کہاکہ پاکستان اور چین نے علاقائی روابط کے فروغ اور اقتصادی راہداری میں گوادر کی مرکزی اہمیت کوتسلیم کرتے ہوئے بندرگاہ اور اس سے وابستہ منصوبوں پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین نے زراعت کے شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دیا ہے اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی،آبی انتظام،جنگلات اورآ لودگی سے پاک ماحول کی بحالی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔