699

آئی ایم ایف سے بوجھ نہ بننے والی شرائط کے خواہاں ہیں‘شاہ محمود قریشی 

اسلام آباد۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے عوام پر بوجھ نہ بننے والی شرائط کے خواہاں ہیں‘ پاکستان کو گورننس کی بے حد ضرورت ہے‘وزیراعظم اداروں کی کارکردگی میں بہتری لا کر ملکی ترقی میں اضافہ چاہتے ہیں۔

اتوار کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات(یو اے ای) روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دورہ متحدہ عرب امارات میں ہماری آئی ایم ایف کے سربراہ کے ساتھ میٹنگ ہوگی اور چاہتے ہیں کہ ایسی شرائط طے ہوں جن سے عوام پر کوئی بوجھ نہ پڑے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور اعلیٰ قیادت سے ملاقات بھی ہوگی۔

وزیراعظم پاکستان کانفرنس میں بطور کلیدی اسپیکر اظہار خیال کریں گے، ہمارے خطے اور بالخصوص پاکستان کو گورننس کی بے حد ضرورت ہے، ہمارے بہت سے مسائل نے بْری گورننس کی وجہ سے جنم لیا۔انہو ں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ اداروں کی پرفارمنس بہتر بنانے کا ماڈل لا سکیں تاکہ ملک آگے بڑھ سکے ۔