638

ان لینڈ ریونیو کی وصولی مہم تیز نادہندگان کے وارنٹ جاری

پشاور۔چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس پشاور قیصر اقبال کی ہدایت پر ٹیکس حکام نے ریکوری مہم تیز کردی اور ٹیکس بقایا جات کی وصولی کیلئے تمام وسائل موثرپیمانے بروئے کارلارہے ہیں اس ضمن میں متعدد ٹیکس نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں جبکہ بعض نادہندگان کی غیر منقولہ جائیداد قرق کر لی گئی جائیداد کی نیلامی کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ ٹیکس بقایا جات کی وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔

چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو قیصر اقبال نے ٹیکس نادہندگان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اور قومی مفاد میں حکومتی واجبات فوری طور پر جمع کرائیں ،یہ ملک ہمارا ہے اور اسکی معاشی حالت سدھارنے کیلئے ہم سب نے کردار ادا کرنا ہے انہوں نے کہا کہ بقایا جات کی وصولی میں اب ٹیکس حکام کوئی نرمی نہیں دکھائیں گے البتہ ٹیکس گزاروں کے جائز مسائل کے حل کیلئے ہمارے دروازے ہمہ وقت کھلے رہیں گے۔