507

نانک پورہ سکول کا باضابطہ افتتاح

پشاور ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش اور مشیر وزیراعلیٰ برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے منگل کے روز پشاور میں نو تعمیر شدہ گورنمنٹ شہید اسامہ طاہر ہائی و پرائمری سکول نانک پورہ کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا۔مذکورہ اسکول کی عمارت کی ازسرنو تعمیر عمل میں لائی گئی ہے جس پر تقریبا سات کروڑ روپے لاگت آئی ہے افتتاح کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی آصف خان ڈائریکٹر ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد ابراہیم کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور، متعدد بلدیاتی ممبران، سکول کے تدریسی عملہ و دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

افتتاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیراعلی برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ قوم کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے اداروں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور ان اداروں سے استفادہ حاصل کرنا طلبہ کی ذمہ داری ہے لہٰذا طلبہ قوم کی امیدوں پر پورا اتریں اور اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز کریں انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سال تعلیم پر کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے تاہم نتیجہ بھی اس طرح حوصلہ افزا آنا چاہیے اور سرکاری تعلیمی اداروں کو اپنی کارکردگی بہتر کرنی ہوگی۔

انہوں نے اس موقع پر طلبہ کی تعلیم کے ساتھ اخلاقی تربیت پر بھی ضرور دیا وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامران بنگش کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں نے بھی قوم کے لئے بڑے بڑے لیڈرز فراہم کیے ہیں اور ان اداروں نے بہت سے ڈاکٹرز، انجینئرز اور دیگر شعبوں میں اپنی کامیابیوں کا لوہا منوانے والے سپوت پیدا کئے ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے خود سرکاری سکول میں پڑھا ہے اور آج اسمبلی کا رکن منتخب ہوں انھوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی توجہ تعلیم و تربیت پر مرکوز رکھیں اور ان سے اس ملک کے عظیم لوگ نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی فروغ کے لئے ہر طرح کے اقدامات موجودہ صوبائی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے اور اس ضمن میں ہر ممکنا قدام اٹھایا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے صوبے کے تقریباً 25 کالجز میں فری وائی فائی کا نظام نصب کیا ہے اور شہر پشاور میں عوامی مقامات پر بھی اس سہولت کی دستیابی ممکن بنا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ شہر کی ماحولیاتی آلودگی کو جانچنے کے لیے بھی آلا ت نصب کر رہے ہیں جس کی رپورٹ سے محکموں کو الرٹ جاری ہوگی انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو گھر بیٹھے باعزت روزگار حاصل کرنے کے لئے بھی یوتھ ایمپلائمنٹ کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا گیا ہے۔