507

ضلع خیبر بازی لے گیا ٗ باڑہ میں کمیٹی دفتر قائم 

پشاور۔قبائلی اضلاع میں تعمیر وترقی کی رفتار تیز کرنے ،مقامی آبادی کو درپیش مختلف نوعیت کے سنگین مسائل حل کرنے اور دیگرمشکلات کے خاتمہ کے لیے تمام قبائلی اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل کمیٹی کے قیام اور ہر ضلع میں اس کمیٹی کادفتر قائم کرنے کے فیصلے کے بعد باڑہ میں کمیٹی کادفتر قائم کرنے سے ضلع خیبر دیگر قبائلی اضلاع سے بازی لے گیا گذشتہ روز گورنر ہاؤ س میں ہونے والے اہم اجلاس میں وزیر اعلیٰ کی صدارت میں قبائلی اراکین پارلیمنٹ کمیٹی قائم کرنے کافیصلہ کیاگیاتھا کمیٹی مقامی آبادی کی تمام مشکلات بشمول مسنگ پرسنز کے حل کے لیے فوری کوششیں کے ساتھ ساتھ حکومت و مقامی آبادی کے درمیان لیزان کا کام بھی انجا م دے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاتھاکہ کمیٹی کے رابطہ دفاتر تمام قبائلی اضلاع میں قائم کیے جائیں گے کمیٹی ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے بھی سفارشات پیش کرے گی اس سلسلہ میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کی طرف سے فوری طورپر باڑ ہ میں کمیٹی کادفتر قائم کردیاگیاہے یوں ضلع خیبر سب پر سبقت حاصل کرگیاہے ۔

اس حوالہ سے اقبال آفریدی کاکہناہے کہ باڑہ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو جوبھی مسائل اور انتظامیہ اور دیگر اداروں سے جوشکایات ہیں وہ اس سلسلہ میں فوری طورپر باڑہ میں قائم ان کے دفتر سے رابطہ کریں انکا کہناہے کہ حکومت اور تمام ادارے قبائلی اضلاع کے لوگوں کی مشکلات حل کرنے کے معاملہ پر ایک پیج پرہیں ۔