497

جرائم پیشہ عناصر کا ازسر نو ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ

پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانوں کی سطح پر سٹریٹ کرائمز ٗ منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کا ازسر نو ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے محرر وں کو نگران مقرر کردیاگیا ہے  جبکہ محرر سٹاف کو اپنا رویہ بہتر بنانے کا حکم دیاگیا ہے اس ضمن میں گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن میں ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے تھانوں کے محررز نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایس پی ہیڈ کوارٹر عبد السلام خالد،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز عثمان غنی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے محررسٹاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ڈیوٹی پوری ایمانداری اور خوش اخلاقی سے سرانجام دیں، انہوں نے محرر سٹاف کو تھانہ میں آنے والے سائلین کی عزت و توقیر کا خیال رکھتے ہوئے ان کی داد رسی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سفید ریش اور بزرگ سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر نیکی بھی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار عوام کی جان و مال کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اپنا خیال رکھتے ہوئے دوران ڈیوٹی جیکٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کیساتھ ساتھ دوران ڈیوٹی موبائل کے بے جا استعمال سے گریز کرتے ہوئے چوکس و الرٹ رہنے کی بھی تلقین کی ایس ایس پی آپریشن نے محرر سٹاف کو اپنے اپنے علاقوں میں سرگرم منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کی فہرستیں از سر نو مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔