160

پی ایس ایل میں آج ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ ہوگا

دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے مدمقابل ہوں گی۔ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک 5، 5 میچز کھیل چکی ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ پانچ میں سے 3 میچز میں کامیاب رہی جب کہ ملتان سلطانز اب تک 5 میں سے 1 میچ میں فتح حاصل کرسکی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ ملتان سلطانز 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری یعنی چھٹے نمبر پر ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع انجری کے باعث میچ میں شرکت نہیں کر رہے ہیں ان کی جگہ نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان ٹیم کی قیادت کریں گے۔