134

لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دیدی

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کے 17 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احسن علی نے جارحانہ انداز میں کیا لیکن 33 کے مجموعی اسکور پر شین واٹسن آؤٹ ہوئے جس کے بعد گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کی لائن لگ گئی اور آدھی ٹیم 53 اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔

کپتان سرفراز احمد اور محمد نواز نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی تاہم کوئٹہ کی پوری ٹیم 106 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

کوئٹہ کی جانب سے احسن علی 33 اور کپتان سرفراز احمد 29 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ گلیڈی ایٹرز کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے لمی چنے نے 4 اوورز میں 10 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حارث رؤف نے 2، شاہین آفریدی اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ کے ہدف کے تعاقب میں لاہور کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان دوسرے ہی اوور میں دو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ 33 کے مجموعی اسکور پر گوہر علی بھی 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد اے بی ڈویلیئرز اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، دونوں کھلاڑی بالترتیب 47 اور 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔