191

ایشیائی ترقیاتی بینک سڑکوں کی بحالی، تعمیرنو میں معاونت کرے گا

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) خیبرپختونخوا میں زلزلہ اور سیلاب سے متاثرہ کھیتوں سے منڈی تک سڑکوں کی بحالی اور تعمیرنو میں معاونت کرے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بینک کی معاونت سے شروع کیے جانے والے منصوبے کے تحت کھیت سے منڈی تک دیہی علاقوں میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیرنو اوربحالی کی جائے گی۔

اس حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ژا ہونگ یانگ کا کہنا ہے کہ اے ڈی بی صوبہ میں سیلاب اور زلزلہ سے متاثرہ دیہی علاقوں کی سڑکوں کی بحالی کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گا اور منصوبے کے تحت صوبہ کے مختلف اضلا ع میں 700 کلومیٹر طویل سڑکوں سمیت 25 پلوں کی بحالی کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اے ڈی بی قبل پہلے ہی خیبرپختونخوا میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے معاونت فراہم کررہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے فاٹا میں کھیت سے منڈی تک سڑکوں کی بحالی سے نہ صرف کاشتکار طبقہ کے وسائل آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے دیہی معیشت کی ترقی میں مدد کے ساتھ ساتھ صوبہ کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے اور بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔