331

پاکستان کو دنیائے کرکٹ میں تنہا کرنے کی کوشش ناکام

دبئی۔جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے پاکستان کو دنیائے کرکٹ میں تنہا کرنے کی کوشش بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے کہا ہے کہ یہ دہشت گردی کا معاملہ اٹھانے کا مناسب فورم نہیں ہے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) نے پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی سی سی میں تجویز پیش کی تھی کہ وہ دیگر ممالک پر زور دے کہ وہ پاکستان سے اپنے تعلقات ختم کرنے پر غور کریں۔

آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے آئی سی سی کے سہ ماہی اجلاس کے آخر میں یہ معاملہ اٹھایا اور کہا کہ کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کیلئے اس تجویز پر عمل کرنا ناممکن ہو گا۔رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری اور آئی سی سی میں بھارتی بورڈ کے نمائندوں نے یہ خط اجلاس میں پیش نہیں کیا لیکن ششانک منوہر نے خود ہی یہ معاملہ اٹھا کر آگاہ کیا کہ آئی سی سی کا بنیادی کام کرکٹ سے متعلق امور کو دیکھنا ہے۔
یہ خط 22 فروری کو بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہْل جوہری کی جانب سے ششانک منوہر، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ رچرڈسن اور انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کولن گریوز کو لکھا گیا تھا۔