576

پشاور میں غیرت کے نام پر نوجوان قتل

پشاور۔پشاور کے مضافاتی علاقہ پنج کٹھہ میں غیرت کے نام پر جوانسال لڑکے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جبکہ خاتون بھاگ کر جان بچانے میں کامیاب ہوگئی پولیس نے اطلاع ملنے پر کاروائی کرتے ہوئے 2 مبینہ ملزموں کو گرفتار کرلیا۔

جبکہ مرکزی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیاسرباز خان ولد ظاہر خان ساکن افغانستان حال پنج کٹھہ نے رپورٹ درج کراتے ہوئے تھانہ انقلاب پولیس کو بتایا کہ ملزمان احسان اللہ، کامران پسران مرزا اور مرزا ولد محمود خان ساکنان افغانستان حال دوران پور نے اس کے 26 سالہ بیٹے طارق کو غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے اور ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مدعی کی رپورٹ پر انہوں نے کاروائی کرتے ہوئے دو ملزمان مرزا اور کامران کو گرفتار کرلیا جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ احسان اللہ کی اہلیہ گزشتہ دنوں پنج کٹھہ میں واقع اپنے میکے آئی تھی اور جب ہفتہ کے روز وہ اپنی اہلیہ کو لینے سسر کے گھر آیا تو وہاں طارق نامی نوجوان اس کی اہلیہ کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں موجود تھا جس پر احسان اللہ نے طیش میں آکر طارق کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور اپنی اہلیہ کو ساتھ لے کر وہاں سے چل پڑا تاہم راستہ میں وہ موقع دیکھ کر بھاگ گئی۔