192

الیمینیٹر: اسلام آباد کا پشاور کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے دوسرے الیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاورزلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا اور پشاور زلمی سے مقابلہ کرنے کے لیے دوسرے الیمینیٹر میچ میں کوالیفائی کیا۔

دونوں ٹیموں میں آج جو فاتح ہوگا وہ فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سے ٹکرائے گا۔ پشاور زلمی ایونٹ کے 7  میچز میں فاتح رہی ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 5 میچز اپنے نام کیے  ہیں۔

پشاور زلمی کی جیت کے لیے شائقین کی نظریں حسن علی، کامران اکمل، کیرون پولارڈ، وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی پر ہیں۔ جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں لیوک رونکی، فھیم اشرف، شاداب خان، کیمرون ڈیلپورٹ اور آصف علی کی جانب سے دلچسپ مقابلہ کرنے کی امید ہے۔