449

نیب نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو طلب کرلیا

اسلام آباد۔جعلی بنک اکاونٹس کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ نیب راولپنڈی نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو 20 مارچ کو طلب کر لیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمبائن انویسٹیگیشن ٹیم نے سوالنامہ تیار کر لیاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے لیے لگ بھگ 100سوالات پر مشتمل سوالنامہ تیارکیا ہے۔واضح رہے کہ جمعہ کو بینکنگ کورٹ کراچی نے بھی جعلی بینک اکاونٹس کیس کو کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے کی نیب کی درخواست منظور کرلی ہے۔عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں بھی واپس لے لیں۔

عدالت کی طرف سے تمام ملزمان کی زر ضمانت بھی خارج کرنے کا حکم بھی دیاگیا۔یاد رہے کہ رواں برس جنوری میں چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی بینک اکاونٹس کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنا دی تھی۔اس حوالے سے جنوری کے دوسرے ہفتے میں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو ٹیم کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ڈی جی نیب عرفان منگی بھی اجلاس میں شریک تھے جب کہ اجلاس میں جعلی بینک اکانٹس کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ سپریم کورٹ پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں میرٹ پر تحقیقات انجام تک پہنچائیں گے جب کہ میڈیا جعلی اکاونٹس کیس سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔جعلی بینک اکاونٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں سپریم کورٹ پاکستان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو کلین چٹ دے دی تھی جب کہ سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے جے آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے بے بنیاد اور غلط قرار دیدیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نے جعلی اکا ونٹس کیس میں تحقیقات کے لیے 40 افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم میں نیب کراچی اور نیب بلوچستان کے نمائندے بھی شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق نیب کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹرز محمد یونس اور محمد گل آفریدی کا تبادلہ نیب راولپنڈی کیا گیا ہے جب کہ نیب بلوچستان سے ڈپٹی ڈائریکٹر عمیر راتھر کو بھی راولپنڈی بیورو بلا لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق تینوں افسران کو ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی تجویز پر بلایا گیا ہے اور تینوں افسران تحقیقاتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ نیب راولپنڈی طلب کیے گئے ڈپٹی ڈائریکٹرز جعلی بینک اکاونٹس کی تحقیقات مکمل ہونے تک راولپنڈی بیورو میں خدمات سر انجام دیں گے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سات جنوری 2018 کو جعلی بینک اکاونٹس کیس کا معاملہ قومی احتساب بیورو کو بھجوایا تھا اور چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو ٹیم کا سربراہ مقرر کیا تھا اور اب نیب 29 مشکوک بینک اکاونٹس سے 35 ارب روپے منتقل ہونے پر تحقیقات کر رہا ہے۔قبل ازیں سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے عدالت کو بتایا تھا کہ 104 جعلی بینک اکاونٹس کے ذریعے تقریبا 210 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔