251

کوئٹہ گلیڈی ایٹررز پہلی مرتبہ پی ایس ایل چیمپیئن بن گئی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2019 کے فائنل میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ پی ایس ایل چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پی ایس ایل فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے 139 رنز کا ہدف دیا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوورز میں حاصل کرلیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے سابق چیمپیئن  کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔

گزشتہ میچ میں حریف ٹیم کو چاروں شانے چت کرنے والے امام الحق فائنل مقابلے میں ناکامی کا شکار ہوگئے اور 4 گیندوں پر صرف 3 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

وکٹ پر موجود دوسرے اوپننگ بیٹسمین کامران اکمل بھی بجھے بجھے نظر آئے جنہوں نے محمد نواز کے اوور میں 14 رنز سمیٹے لیکن ان کی آخری گیند پر بولڈ ہوگئے۔ یوں پشاور زلمی کے اوپنرز ہی چوتھے اوور میں 31 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

 

عمر امین نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کو 38 رنز فراہم کیے لیکن برق رفتار محمد حسنین کی گیند پر وہ 90 کے مجموعے پر سہیل تنویر کو کیچ دے بیٹھے۔

Embedded video

پولارڈ کے کیریز پر آنے کے بعد جب ٹیم کا اسکور 96 رنز تک پہنچا تو نوجوان بیٹسمین نبی گل 9 رنز بنانے کے بعد فواد احمد کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش کرتے ہوئے احمد شہزاد کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

Embedded video

پشاور زلمی کے لیے فاسٹ باؤلنگ کے ساتھ ساتھ اسپنر کو کھیلنا بھی مشکل ہوتا جارہا تھا اور ٹیم کے اسکور کی رفتار ہوتی جارہی تھی۔

ایسے میں تمام امیدین کیرون پورلارڈ پر تھیں، تاہم وہ 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور تیزرفتار محمد حسنین کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

Embedded video

وہاب ریاض کے 12 اور ڈیرن سیمی کے 18 رنز کی بدولت پشاور زلمی کی ٹیم مقرر 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 139 رنز ہی بناسکی۔

اننگز کا آخری اوور ڈیوین براوو نے کروایا جس کے دوران پہلے اوور کی دوسری گیند پر ایک رن مسترد کیا جس کی وجہ سے وہاب ریاض کو واپس لوٹنا پڑا۔

Embedded video

اسی طرح ڈیرن سیمی نے اس اوور کی پانچویں گیند پر بھی اسی طرح کیا لیکن اس مرتبہ وہاب ریاض واپس نہ لوٹ سکے اور رن آؤٹ ہوگئے۔

تاہم آخری گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں ڈیرن سیمی بھی کیچ آؤٹ ہوگئے اور یوں کوئٹہ کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف ملا۔

Embedded video

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ دیگر باؤلرز میں ڈیوین براوو نے 2 جبکہ محمد نواز اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں احمد شہزاد اور شین واٹسن نے ٹیم کو محتاط انداز اننگز کا آغاز کیا لیکن رن آؤٹ کی صورت میں انہیں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 19 کے مجموعے پر ہی پہنچی تھی کہ غیر ضروری رن لیتے ہوئے شین واٹس رن آؤٹ ہوگئے۔ احسن علی نے احمد شہزاد کے ہمراہ مل کر شین واٹسن کے نقصان کا ازالہ کیا ٹیم کو شاندار شراکت فراہم کی۔

ٹیم کا اسکور 66 رنز پر پہنچا تو جارحانہ مزاج احسن علی 25 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

Embedded video

احمد شہزاد نے اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کو آسان ہدف کی جانب پہنچادیا۔

ریلی روسو اور احمد شہزاد نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 63 رنز جوڑے اور ٹیم کو پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا چیمپیئن بنادیا۔ جیت کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا جشن شروع ہوگیا جبکہ میچ کے اختتام پر اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا۔

Embedded video

احمد شہزاد 58 اور ریلی روسو 39 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین کو 3 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے صرف وہاب ریاض ایک وکٹ لے کر نمایاں باؤلر رہے۔ صدرِ مملکت عارف علوی اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے سرفراز احمد کو پی ایس ایل 2019 کی ٹرافی دی۔

اس جیت کے موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور کہا ان کی ٹیم کی گزشتہ 4 سال کی محنت رنگ لے آئی۔

View image on Twitter

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کی مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، ہم نے مسلسل تیسری مرتبہ پی ایس ایل فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ٹوئٹر پر بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارکباد دی گئی۔

View image on TwitterView image on TwitterView image on TwitterView image on Twitter

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 2019 کا چیمپیئن بننے پر مبارکباد دی گئی۔

واضح رہے کہ یہ دونوں ٹیموں کے درمیان رواں سیزن کے دوارن ہی چوتھا مقابلہ تھا اور یہ بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نام رہا۔

خیال رہے کہ یہ پشاور زلمی کی پی ایس ایل فائنل میں مسلسل دوسری شکست ہے، اس سے قبل یہ ٹیم 2018 کے فائنل میں پہنچی تھی جہاں اسے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے تیسری مرتبہ پی ایس ایل فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا اور یہ ٹیم پہلی مرتبہ پی ایس ایل چیمپیئن بننے میں کامیاب ہوئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 2016 اور 2017 میں بھی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی جہاں اسے بالترتیب اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Embedded video

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آنے والے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ہم نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستانی کرکٹ سے پیار کرنے والی قوم ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ اگر ہم نے زیادہ رنز بنالیے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پر دباؤ کا شکار ہوجائے گی۔ ڈیرن سیمی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وکٹ پر 180 سے زائد اسکور ایک اچھا ٹوٹل ہوگا اور میچ بہت اچھا ہوگا۔

پی ایس ایل 2019 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فیوریٹ تصور کیا جارہا تھا۔

View image on Twitter

پشاور زلمی کی ٹیم رواں سیزن کے دوران 3 مرتبہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سامنے آچکی ہے اور ہر مرتبہ اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ اسیٹج کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے جبکہ اس کے بعد اسی اسٹیج کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے زیر کیا۔

اس کے علاوہ ایونٹ کے کوالیفائر میچ میں بھی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جس میں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کامیاب رہا اور اس نے میچ 10 رنز سے اپنے نام کیا۔