282

یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان میں 15خوردنی اشیاء پر سبسڈی

اسلام آباد ۔۔یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کو رمضان المبارک میں صارفین کو اشیائے خوردو نوش پر ریلیف فراہم کرنے کے لئے ڈیڑھ ارب روپے کی رقم آئندہ ہفتے جاری کر دی جائے گی۔

حکومت نے رمضان المبارک میں صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے 2 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔جمعہ کو یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذرائع نے بتایا کہ صارفین کو سبسڈی دینے کے لئے 2 ارب روپے کا 75 فیصد حصہ آئندہ ہفتے کارپوریشن کو جاری کر دیا جائے گا۔

کارپوریشن رمضان کے دوران اشیائے خوردو نوش کے 15 آئٹمز پر سبسڈی دے گی، اس اقدام کا مقصد متوسط طبقہ کو رمضان المبارک کے دوران ریلیف فراہم کرنا ہے تا کہ وہ اس مبارک ماہ کوبھر پور انداز میں گزار سکیں۔

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن اور پنجاب حکومت کے درمیان رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش پرمشتمل تھیلے مستحقین میں تقسیم کرنے کے حوالہ سے مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔پنجاب حکومت رمضان المبارک کے دوران مستحقین میں اشیائے خورد و نوش کے 50 لاکھ تھیلے تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس کے لئے کارپوریشن انتظامیہ نے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔