507

پی ٹی آئی کی ریجنل تنظیمیں ختم کرنے کا فیصلہ

پشاور۔پاکستان تحریک انصاف کے آئین میں ترامیم کا عمل جاری ہے جس کے تحت پنجاب اور خیبرپختونخوامیں ریجنل تنظیمیں ختم کرکے ڈویژنل تنظیمیں بحال کی جارہی ہیں ساتھ ہی صوبائی صدر کاعہد ہ ایک بارپھر متعارف کیاجارہاہے ۔

پارٹی ذرائع کے مطابق رواں ماہ کے اواخر تک پارٹی آئین میں ترامیم کاعمل مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعدرمضان المبار ک میں عہدیداروں کی نامزدگیاں کردی جائیں گی نئی ترامیم کے تحت پارٹی کے تمام صوبائی صدور اور مرکزی سیکرٹری جنرل عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے تاکہ وہ تمام تر توجہ پارٹی امیدواروں کی کامیابی پرمرکوز کرسکیں۔

عام انتخابات کے بعد ان عہدیداروں کو ایوان بالا کے انتخابات میں کامیاب کرانے کی کوشش کی جائے گی پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ایک بارپھر ملکی سیاست میں نئے رجحانات متعارف کرانے جارہی ہے جس کے بعد پارٹی نئے سرے سے منظم اور متحر ک ہوکرسامنے آئے گی ۔