632

پولیو ویکسین میں کوئی خرابی نہیں ہے ٗ یوسفزئی

پشاور ۔خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پولیو ویکسین کے خلاف تمام تر افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایک منظم سازش قرار دیا ہے ۔وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ ویکسین میں کوئی خرابی نہیں ہے۔ 

آج یہی ویکیسن پورے پاکستان میں بچوں کو دی گئی ہے اور کہیں سے کوئی شکایت نہیں آئی۔ انہوں نے پشاور میں بچوں کو پلائی جانے والی پولیو ویکسین کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مخالف لابی نے علاقے میںpanic پیدا کی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ پشاور ایل آر ایچ اور کے ٹی ایچ میں جتنے بچے لائے گئے وہ تمام کے تمام درست حالت میں ہیں ان میں سے کسی کو بھی پولیو قطرے پلانے سے کچھ نہیں ہوا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہاکہ پشاور شہر کو پولیو کے حوالے سے خطرناک شہر قراردیا گیا ہے اس لئے یہ ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم پولیو کے خلاف مہم کو کامیاب کرائیں اور پولیو کا خاتمہ کر دیں۔ انہو ں نے کہاکہ اگر ہم پولیو پر قابو نہ پاسکے تو ہمارے شہریوں کو بیرون ممالک جانے اور وہاں کا روبار کرنے میں دشواری ہوسکتی ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہاکہ حکومت نے اچھی پلاننگ کی ہے ہم ایک ذمہ دار قوم ہیں ۔

بھارت پولیو فری بن چکا ہے ہم نے بھی یہ عہد کرنا ہے کہ ملک کو پولیو فری بنائیں گے انہو ں نے کہاکہ اب تک ایک بچے کی بھی اللہ کے فضل سے پولیو ویکسین پلانے سے موت واقع نہیں ہوئی انہو ں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے خاتمے کی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور جھوٹی افواہوں کے خلاف کان نہ دھریں۔ شوکت یوسفزئی نے کہاکہ لوگوں میں خوف وہراس پھیلانے اور صحت مراکز کو نقصان پہنچانے ولوں کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔

کسی کو یہ اجازت نہیں دی جاسکتی ہے کہ وہ قانون ہاتھ میں لے ور نہ شرپسندوں کے خلاف حکومت ایکشن لے گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی محموود خان نے تمام ہسپتالوں سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ وزیر صحت ڈاکٹر ہشام خان نے بھی ہسپتالوں کے دورے کئے ہیں اور اس پورے پراسیس کی نگرانی کی جارہی ہے۔