499

انجینئرزایسوسی ایشنزکا پیڈوملازمین کی حمایت کا اعلان

پشاور۔صوبے میں حکومتی سطح پر بجلی کی پیداوارکے لئے مصروف عمل ادارے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن(پیڈو)کے ملازمین کی جاری قلم چھوڑہڑتال کی حمایت میں صوبے کے دیگر محکموں کی ایمپلائزتنظیمیں بھی میدان میں آگئیں۔ 

ملازمین کے ساتھ یکجہتی کااظہارکرتے ہوئے بھرپورتعاون اورمشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں پیڈوہاؤس میں ملازمین کے جائز مطالبات کے حق میں جاری قلم چھوڑ ہڑتال اوردھرنے کے موقع پر خیبرپختونخواایسوسی ایشن آف گورنمنٹ انجینئرز،پاکستان انجینئرنگ کونسل ،پشاورڈیویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) اورپشاورالیکٹرک سپلائی کمپنی کی انجینئرنگ ایسوسی ایشنز کے عہدید اروں نے حکومت کی جانب سے پیڈوملازمین کے جائزمطالبات تسلیم نہ کرنے پر شدید تحفظات اورتشویش کا اظہارکرتے ہوئے ملازمین کواپنے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

خیبرپختونخواایسوسی ایشن آف گورنمنٹ انجینئرزKPAGEکے صدرانجینئرشاکرحبیب،چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل اورپیسکوکے سابق سی ای اوانجینئرڈاکٹرذکاء اللہ گنڈہ پور،انجینئرنگ ایسوسی ایشن کے ممبرانجینئرزاہد گل،پیسکوانجینئرنگ ایسوسی ایشن کے صدرکاشف فرہان اورجنرل سیکرٹری ندیم آفریدی،پاکستان انجینئرنگ کونسل خیبرپختونخواکے صدروممبرپیڈوبورڈارباب خداداد کے علاوہ پی ڈی اے کے سینئرڈائریکٹراعجازافضل نے دھرنے کے شرکاء سے یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کے جائز مسائل سے پیڈوبورڈآف ڈائریکٹرز کے ممبران چشم پوشی اختیارکئے ہوئے ہیں۔

 گزشتہ 4سالوں سے بورڈممبران لیت ولعل اورحیلے بہانوں سے ملازمین کو ٹرخارہے ہیں،انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوامحمودخان،مشیر توانائی حمایت اللہ خان اورچیف سیکرٹری محمد سلیم خان سے مطالبہ کیا کہ پیڈوبورڈآف ڈائریکٹرزکی من مانیوں کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے ملازمین کے جائزمطالبات کوپوراکیا جائے بصورت دیگرتمام ایسوسی ایشنزمشترکہ طورپر علم بغاوت بلند کرتے ہوئے بھرپوراحتجاج کرنے پر مجبورہونگی۔

پیڈوآفیسرزایسوسی ایشن کے صدرسید عزیزباچا اورجنرل سیکرٹری فضل رحیم خان نے خبردارکیا کہ اگرانکے جائزمطالبات نہ مانے گئے تواحتجاج کا دائروسیع کرتے ہوئے لاک ڈاؤن اور صوبے میں چلنے والے بجلی گھر وں کو بند کردیا جائے گاجس کی تمام ذمہ داری پیڈوبورڈ آف ڈائریکٹرزکے ممبران پرہوگی۔