236

پشاور میں پٹواری کی گاڑی پر فائرنگ ٗ ڈرائیور جاں بحق

پشاور۔تھانہ گلبہار کے علاقے حسین آباد میں سحری سے چند لمحہ قبل مسلح کار سواروں کی معروف پٹواری محمد سعید کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجہ میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ وہ گارڈ سمیت شدید زخمی ہوگیازخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔

ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے پولیس جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مختلف زاویوں پر تفتیش شروع کردی پولیس کے مطابق پٹواری محمد سعید ولد اول خان سکنہ سوڑیزئی حال گلبہار نمبر 1 نے زخمی حالت میں بیان دیتے ہوئے بتایا کہ سحری سے قبل وہ اپنی گاڑی میں ڈرائیور گوہر علی ولد ہمایون اور گارڈ قیصر ولد محمد صدیق ساکن موسیٰ زئی کے ہمراہ عشرت سنیما چوک سے گھر جارہا تھا کہ راستہ میں حسین آباد کے قریب دوسری گاڑی میں سوار ملزمان عابد علی، زاہد علی، ساجد علی، وجاہت علی، راحت علی، واجد علی، فہد اور ضامن نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ڈرائیور گوہر علی متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ وہ اور اس کا گارڈ زخمی ہوگئے۔

مجروح محمد سعید کے مطابق ملزمان کے ساتھ ان کا جائیداد کا تنازعہ چلا آرہا ہے جو واردات کے بعد فرار ہوگئے پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔پٹواری پر قاتلانہ حملہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی سعید پٹواری کی گاڑی گھر کے قریب روکتی ہے تو کالے رنگ کی ویگو گاڑی میں سوار مسلح ملزمان فائرنگ شروع کردیتے ہیں جس کے بعد وہ فرار ہوجاتے ہیں۔

 پولیس کے مطابق ویگو گاڑی میں ملزمان پہلے سے سعید پٹواری کے تاک میں بیٹھے تھے اور فائرنگ کے بعد فوراً موقع سے فرار ہوجاتے ہیں۔دوسری جانب پشاور پولیس نے حسین آباد فائرنگ کے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مختلف زاویوں پر تفتیش شروع کردی جبکہ ملزموں کی نشاندہی ہونے کے بعد گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہیں خصوصی ٹیم نے واقعہ کے فوراً بعد مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے لیکن تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی پولیس کے مطابق بہت جلد ملزموں کو گرفتار کرلیاجائیگا۔