474

مچھروں کے خاتمے کیلئے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ

پشاور۔واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) ملیریا اور ڈینگی کے خاتمے کے لئے بڑے پیمانے پرخصوصی مچھر مار مہم چلائے گی جس کے لئے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے بھی اشتراک کیا جائے گا اس سلسلے میں چاروں زونز کو حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

 یہ فیصلہ چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے جنرل منیجر آپریشنز، زونل منیجرز اور دیگر حکام کے اجلاس میں کیا گیا اس موقع پر جاری معمول کی مچھر مار مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سید ظفر علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زونل منیجرز کو ہدایت کی کہ ستمبر میں چلائی جانے والی مہم کے لئے ابھی سے حکمت عملی وضع کی جائے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیکر ضروری تربیت فراہم کی جائے مہم میں گندگی، نالیوں اور جوہڑوں پر مچھر مار سپرے کرانے کے علاوہ گھروں میں مچھروں کے خاتمے کے لئے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے اشتراک کیا جائے۔

ملیریا کے خاتمے کی کوششوں میں تیزی لائی جائے تاکہ ممکنہ ڈینگی اور ملیریا کا انسداد کیا جاسکے۔ اجلاس میں مجوزہ خصوصی مہم بارے ضروری فیصلے کئے گئے۔ سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ عنقریب شہر کے مختلف علاقوں میں چھوٹے کوڑا دان رکھے جائیں گے تاکہ بروقت گندگی کو ٹھکانے لگاتے ہوئے مچھروں کی ممکنہ افزائش کو روکا جاسکے جہاں جہاں لوگ گھروں کے سامنے گندگی پھینک رہے ہیں اس کے تدارک کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں عوام سے قریبی رابطہ رکھنے کے علاوہ بار بار گندگی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔