135

گزشتہ 5برس میں ڈا لر 48فیصد مہنگا  

کراچی۔گزشتہ پانچ برس کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں 48.11فیصد کا ہو شربا اضافہ ہوا۔

 اس عرصے کے دوران ڈالر نے اپنی تیز ترین نصف سنچری بھی مکمل کی، 20مئی 2015کو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 103روپے 30پیسے تھی جو20مئی2019کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 153روپے پر پہنچ گئی، اسی طرح پاکستانی روپے کے مقابلے میں دیگر بڑی کرنسیوں کی شرح تبادلہ میں بھی تقریبا اسی تناسب سے اضافہ ہوا۔مئی 2015 میں یورو 144.01 روپے کا تھا جو مئی 2019 میں بڑھ کر167 روپے50 پیسے کا ہوگیا، مذکورہ عرصے کے دوران برطانوی پاؤنڈ158روپے 10 پیسے سے20.97فیصد بڑھ کر191روپے25پیسے کا ہو گیا، آسٹریلین ڈالر81روپے20پیسے سے بڑھ کر104روپے،کینیڈین ڈالر84روپے17 پیسے سے بڑھ کر 111 روپے 50پیسے، جاپانی ین 0.848 سے بڑھ کر1.36 روپے پر پہنچ گیا۔

اسی طرح مشرق وسطی کے ممالک دبئی، سعودی عرب اور کویت کی کرنسیوں میں بھی47.66 فیصد تک کا ہوشربا اضافہ ہوا،20 مئی 2015 کو ایک سعودی ریال27 روپے 36 پیسے کا تھا جو گزشتہ روز 40 روپے 40 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جبکہ دبئی کا درہم اس سے بھی ایک ہاتھ آگے بڑھا اور 41روپے 30 پیسے پر پہنچ گیا جو مئی 2015  میں 28.05 روپے پر تھا، اسی طرح کویتی دینار ان پانچ برسوں کے دوران 333.10روپے سے 46.65فیصد بڑھ کر 488.50 روپے پر پہنچ گیا۔تمام غیر ملکی کرنسیوں کی شرح تبادلہ میں سب سے زیادہ اضافہ جاپانی ین کی قیمت میں ہوا جس کی پانچ برسوں میں قیمت 60.38فیصد بڑھی، دوسرے نمبر پر ڈالر 48.11فیصد بڑھا اور تیسرے نمبر پر سعودی ریال کی قیمت میں 47.24 فیصد کا اضافہ ہوا۔

 ان پانچ برسوں کے دوران سب سے کم اضافہ برطانوی پانڈ کی قیمت میں ہوا، گزشتہ 60 ماہ کے دوران پانڈ سٹرلنگ کی قیمت میں صرف 20.67 فیصد کا اضافہ ہوا۔