210

ورلڈکپ: پاک-سری لنکا میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار

پاکستان ٹیم آج ورلڈکپ میں اپنا تیسرا میچ سری لنکا کے خلاف برسٹل کے مقام پر کھیلنے جارہی ہے اور کپتان سرفراز احمد جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پُر عزم ہیں تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے میچ کے دوران ٹاس بھی تاخیر کا شکار ہوگیا۔

برسٹل میں ہونے والے اس میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے میچ کی بہترین تیاری کی گئی ہے تاہم بارش کا نہ تھمنے والا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اگر بارش رک جائے تو میچ میں اوورز کی کٹوتی ہوگی۔

Embedded video

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ 'میں خوش ہوں کہ ہماری ٹیم جیت کی راہ پر گامزن ہوچکی ہے، ہمارے پاس دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت ہے۔'

سرفراز احمد نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

سری لنکا کی ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ 'اس ٹیم کے پاس اچھا باؤلنگ اٹیک ہے جسے لاستھ ملنگا، نوان پردیپ، تھیسارا پریرا اور سرنگا لکمل جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہے۔'

Embedded video

ادھر سری لنکن کوچ چندیکا ہتھرو سنگھے کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دن پر دنیا کی کسی بھی ٹیم کو حیران کر سکتی ہے، اس کا ثبوت ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ہونے والے اس کے میچز ہیں۔

سری لنکن کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم ورلڈکپ جیسے ٹورنامٹ میں اچھا پرفارم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم بھی اسی طرح کی صلاحیت کی حامل ہے اور بھی دنیا کی کسی بھی ٹیم کو اپنے دن پر شکست دے سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ورلڈکپ میچز میں ریکارڈ بہترین ہے جہاں اسے اپنے ایشین حریف سے آج تک میگا ایونٹ میں شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو قانون کے مطابق ایک ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔