165

امریکی معیشت کو سنگین خطرات لاحق 

 لندن۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے امریکا کو معیشت کے لیے خطرہ بننے والے تجارتی تنازعات اور مالیاتی مارکیٹ میں مندی کے رجحان سے خبردار کردیا۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے امریکا کی پالیسیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ امریکی معیشت رواں برس 2.6 فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔آئی ایم ایف حکام کے مطابق امریکی مالیاتی نظام خطرناک ہوتا نظر آرہا ہے اور تجارتی تنازعات کے باعث سرمایہ کار پریشان ہیں، اس وجہ سے مالی صورتحال متاثر ہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے چیف برائے امریکا نے کہا ہے کہ یہ وہ خطرہ ہے جس کی وجہ سے ہم امریکی معیشت کے لیے انتہائی تشویش کا شکار ہیں، انہوں نے محصولات میں اضافہ کرکے عالمی تجارتی تعلقات متاثر کرنے کی کوششوں پر تنقید کی۔آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ امریکا کو خاص طور پر چین کے ساتھ تجارتی تنازع حل کرنے کی ضرورت ہے، اس تنازع سے عالمی معیشت کو خطرہ ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ درآمدات پر ٹیرف میں اضافے اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے دیگر اقدامات عالمی تجارتی نظام کو کمزور کررہے ہیں،آئی ایم آیف نے یہ بھی کہا کہ امریکی فنانشل ریگولیٹرز مالیاتی نظام میں بڑھتے ہوئے خطرات کے خاتمے کے لیے کام نہیں کررہے، جس کی وجہ سے امریکی معیشت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے