103

کرکٹ ورلڈ کپ؛ ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی بیٹنگ جاری

ٹاؤنٹن: کرکٹ ورلڈ کپ کے 23ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلا دیش کو جیت کے لیے 322 رنز کا ہدف دیا ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کے 23ویں میچ میں بنگلا دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرس گیل اور ایون لیوس نے کیا، تاہم کرس گیل صرف 6 کے مجموعی اسکور پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، ون ڈاؤن آنے والے شائی ہوپ نے اوپنر ایون لیوس کے ساتھ مل کر 122 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد ایون لیوس 70 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے پانچویں نمبر پر آنے والے شمرون ہیٹمیر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور صرف 26 گیندوں پر 50 رنز بنائے اور  آؤٹ ہوگئے، آندرے رسل بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ جیسن ہولڈر نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور 15 گیندوں پر 33 رنز بنائے تاہم 282 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی پویلین واپس لوٹ گئے۔

اوپننگ کے لیے آنے والے شائی ہوپ نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور 96 رنز کی اننگز کھیلی لیکن بدقسمتی سے وہ اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور آؤٹ ہوگئے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بناسکی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں نے اب تک ایونٹ میں 4،4 میچز کھیلے ہیں جس میں دونوں ٹیموں کو 2،2 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایک میچ میں کامیابی حاصل کی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔