634

آج کا پاکستان سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج کا پاکستان اسٹریٹیجک اور سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور ہے۔، ان شااللہ جلد ہمارا ملک ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار ہو گا،وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے وزیراعظم کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں سینیٹر شبلی فراز، معاون خصوصی نعیم الحق، سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔

وزیراعظم اور سینیٹرز کی ملاقات میں ایوان بالا میں پارلیمانی اور قانون سازی سے متعلق مختلف امور خصوصا بجٹ تجاویز سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے ایوان بالا کے امور میں اراکین کے کردار سے متعلق اپنے ویژن سے آگاہ کیا۔حکومتی سینیٹرز نے وزیراعظم سے شکوہ کیا کہ سینیٹ میں اپوزیشن کا جواب دینے کے لیے متعلقہ وفاقی وزیر نہیں آتے۔

 وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام سینیٹرز سینیٹ میں 100 فیصد حاضری یقینی بنائیں اور  ایوان میں جارحانہ حکمت عملی اپنائیں۔وزیراعظم عمران خان نے حکومتی جماعت کے سینیٹرز کو جارحانہ حکمت عملی اپنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن احتجاج کرے تو بھرپور جواب دیا جائے،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام پارلیمنٹیرینز کو اپنے حقوق اور امنگوں کے ترجمان کی حیثیت سے دیکھتے ہیں اور اراکین جب عوام کی آواز بنتے ہیں تو عوام کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی انتھک کوششوں کی بدولت دنیا پاکستان کو انتہائی اہم ملک کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے، آج کا پاکستان اسٹریٹیجک اور سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور ہے، ان شااللہ جلد ہمارا ملک ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار ہو گا،دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت  اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اوربجٹ اجلاس کے حوالے سے امور زیرغور آئے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافی سمیع ابراہیم سے ٹیلی فون پر گفتگو کی وفاقی وزیر فواد چوہدری کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پراظہارافسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کسی کی عزت نفس مجروح کرنے والے فعل کی حوصلہ افزائی نہیں کرتی، حکومت اور میڈیا جمہوری عمل کے دو لازم و ملزوم جزو ہیں، نقطہ نظر کے اختلاف کو ذاتی اختلاف کی حد تک لے جانا کسی صورت مناسب نہیں۔