336

پشاور میں موئر سائیکلیں چھیننے والا گروہ گرفتار

پشاور۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے اندرون شہر سے موٹر سائیکلیں چوری و چھیننے کے بعد مقامی مارکیٹ اور ضلع خیبر میں اونے پونے داموں میں فروخت کرنیوالے گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا گرفتار گروہ کے قبضے سے 11موٹرسائیکلیں ٗ نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونیوالا اسلحہ بھی برآمد کرلیاگرفتار ملزموں نے ابتدائی تفتیش کے دوران کئی وارداتوں کاا عتراف کرلیا۔

 اس ضمن میں گزشتہ روز ڈی ایس پی سٹی ٹو ریاض خان نے ایس ایچ او ہشتنگری اشفاق خان اورانوسٹی گیشن آفیسر حاجی الرحمان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ روز سعید اللہ نامی شخص سے گڑ منڈی میں نامعلوم موٹر سائیکل لے اڑے تھے۔

جس کانوٹس لیتے ہوئے قائمقام ایس پی سٹی عبدالسلام خالد کی ہدایت پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پر مشتمل خصوصی ٹیم نے فوری کاروائی کرکے 5 ملزمان انیس عرف اسامہ،فضل الرحمان ولد بادام گل ساکنان شاہ عالم پل،ہجرت ولد مثل خان،ناصر ولد مامن ساکنان بخشو پل اور عجب خان ولد مومن خان سکنہ ورسک روڈکو گرفتار کرکے ان کی نشاندہی پر 11 موٹر سائیکلیں ٗ نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونیوالا اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔

گرفتار ملزموں نے موٹر سائیکلیں ضلع خیبر اور پشاور کی مقامی مارکیٹوں میں اونے پونے داموں پر فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ موٹر سائیکلیں چھیننے میں ملوث گروہ کا سرغنہ انس عرف اسامہ پولیس کو ڈکیتی ٗ رہزنی اور چور ی کی کئی وارداتوں میں مطلوب نکلا ڈی ایس پی کے مطابق ملزم اسامہ عرصہ دراز سے ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا لیکن وہ روپوش تھا گزشتہ روز ملزم کوگرفتار کرکے تفتیش کی گئی تو انکشاف کیا وہ ملزم گلفت حسین شہید پولیس سمیت کئی تھانوں کو مطلوب ہے جس کیخلاف مزید تفتیش جاری ہے۔

ہشتنگری میں گرفتار گروہ میں اونے پونے داموں چوری کی موٹر سائیکلیں خریدنے والے دو ڈیلر بھی شامل ہیں ایس ایچ اواشفاق خان کے مطابق گرفتار ڈیلروں کیخلاف مزید تفتیش جاری ہے جبکہ برآمد ہونیوالی موٹر سائیکلیں اصل مالکان کے حوالے کرنے کیلئے لائحہ عمل بھی طے کیاجارہاہے۔