418

ہزارہ کے لیز ہولڈرز میں آفر لیٹر تقسیم

پشاور۔خیبرپختونخوا کے وزیرمعدنیات ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبے میں موجود معدنی وسائیل سے بھرپور استفادہ کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ اور آئندہ چند ہی ماہ میں مزید اصلاحات بھی سامنے آجائیں گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور کے لیز ہولڈرز میں آفر لیٹرز تقسیم کے بارے منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر 136 لیز آفر لیٹرز تقسیم کئے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ صوبہ میں جہاں کہیں بھی معدنی وسائل ہوں گے ان سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے فائدہ لیا جائے گا، جس سے صرف معدنی وسائل نہیں بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

 انہوں نے مزید کہا، کہ خیبرپختونخوا کو قدرت نے کئی معدنی وسائل سے نوازا ہے، اور صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر ان وسائل کی جانب توجہ دے رہی ہے۔واضح رہے کہ شعبہ معدنیات کی جانب سے تمام متعلقہ اضلاع میں لیز آفر لیٹرز تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہیں، جس کے سلسلے میں گزشتہ ہفتہ کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی 107 لیز آفر لیٹرز تقسیم کئے گئے۔

وزیرمعدنیات نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ لیز آفر لیٹرز کی تقسیم کا سلسلہ میرٹ اور بغیر کسی اقرباپروری کے جاری ہے اور آئندہ بھی میرٹ اور شفافیت کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ ماضی میں سفارش کی بنیادوں پر کام ہوا کرتا تھا، لیکن اب وہ دور نہیں رہا۔