423

میونسپل ملازمین کا احتجاجی تحریک کا اعلان

پشاور۔آل میونسپل ورکرز یونین اور مزدور اتحاد میونسپل ورکرز یونین سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ و آل ٹاؤنز نے ملازمین کے استحصال اور یونین کے چیئرمین کی عدم بحالی پر احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا جس کے تحت ملازمین آج سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

 جبکہ مرحلہ وار احتجاج میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے دفتر کے سامنے 3دنوں تک احتجاجی کیمپ لگایا جائیگا جس کے بعد قلم چھوڑ ہڑتال اور دفاتر کی تالہ بندی کی جائے گی اور احتجاج کے آخری مرحلے میں میونسپل سروسز بند کر دی جائیں گی یہ فیصلے دونو ں یونینز کے مشترکہ اجلاس میں کئے گئے جس کی صدارت چیئرمین ریاض خان نے کی اجلاس میں عابد سہیل ٗ قیصر باچا ٗ فضل محمود ٗ اکبر خان ٗ حاجی ارشاد ٗ مختیار خان ٗ ہنر خان اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

 اجلاس میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ چیئرمین یونین اور ٹاؤن ون کے چیف ڈیمالشنگ آفیسر قیصر باچہ اور ٹاؤن ممبر عرفان سلیم کے معاملے کو تحریک انصاف سیاسی رنگ دے رہی ہے اور قیصر باچہ کو ملازمت سے معطل کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ وہ جرگے کے ذریعہ معاملے کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں لیکن تحریک انصاف معاملے کو دوسرا رخ دے رہی ہے جس کے باعث میونسپل ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔