95

پاکستان کا بنگلا دیش کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف، ورلڈکپ سے باہر

لارڈز: ورلڈ کپ کے 43 ویں میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا ہے تاہم ورلڈکپ سے قومی ٹیم باہر ہوگئی ہے۔

ورلڈ کپ کے 43 ویں میچ میں آج پاکستان اور بنگلا دیش مد مقابل ہیں، پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور امام الحق نے کیا تاہم صرف 23 کے مجموعی اسکور پر فخرزمان 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں نے 157 رنز کی شراکت قائم کی تاہم بابر اعظم 96 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اوپنر امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سنچری اسکور کی تاہم اگلی ہی گیند پر وہ ہٹ وکٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد محمد حفیظ بھی آؤٹ ہوگئے۔

میچ کے دوران اماد وسیم نے زوردار شارٹ مارا تاہم گیند کپتان سرفراز احمد کے ہاتھ پر جالگی جس کے باعث سرفراز احمد زخمی ہوکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، سرفراز کے زخمی ہونے کے بعد اماد وسیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور 25 گیندوں پر 43 رنز بنائے جس کی بدولت قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز ہی بناسکی۔

کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ایک میچ کا فرق رہ گیا جس پر بہت افسوس ہے، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے تاکہ ورلڈ کپ کا اچھا اختتام ہو، ہم جانتے ہیں بہت ہی بڑے فرق سے جیتنا ہوگا۔

پاکستان کی جانب سے میچ کے لئے پلینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جب کہ ٹیم انتظامیہ نے شعیب ملک کو الوداعی ون ڈے میچ نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے بنگلادیش کے خلاف میچ کے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا۔