پشاور۔ پشاور ہائیکورٹ نے چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کے قیام کے بعد قبائلی اضلاع سمیت صوبہ بھر میں کم سن ملزمان کے مقدمات پر سماعت کیلئے ورچول کورٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے رجسٹرار پشاورہائیکورٹ خواجہ وجیہہ الدین نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں 7چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کام کررہے ہیں جبکہ ان عدالتوں کو دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی اورعنقریب ضلع مہمند میں چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کا افتتاح کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ صوبے میں ورچول چائلڈ کورٹ کیلئے کمیٹی نے منظوری دے دی ہے اور پہلے فیز میں سات اضلاع میں ان عدالتوں کو کھولیں گے جس کے بعد دیگر اضلاع میں بھی چائلڈ ورچول کورٹس قائم کی جائیں گی جس کے ذریعے آن لائن ویڈیو کے ذریعے کم سن بچوں سے متعلق کیسز نمٹائے جاسکیں گے جس سے وکلاء کیساتھ ساتھ موکلین کو بھی سہولت میسرآئے گی۔