سندھ میں لاک ڈاؤن پابندیوں میں 15جولائی تک توسیع

کراچی: سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن پابندیوں میں 15جولائی تک توسیع کردی۔

 سندھ میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا حکمنامہ جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن پابندیوں میں 15جولائی تک توسیع کردی ہے، اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر میں تعلیمی ادارے ٹریننگ انسٹیٹوٹ 15 جولائی تک بند رہیں گے، بیوٹی پارلرز بیوٹی سیلون پرپابندی رہے گی، صوبے بھر میں سیاسی، سماجی، مذہبی، عوامی اجتماعات اور تقاریب پر پابندی ہوگی، شادی ہالز، بزنس سینٹرز، ایکسپو ہالز پر پابندی برقرار رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سینما گھر، تھیٹر، تفریحی و سیاحتی مقامات، انڈور اسپورٹس کلب، جم، کھیلوں کے ٹورنامنٹس  پر پابندی برقرار رہے گی، مزارات پر اجتماعات کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی، جب کہ بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پر 15جولائی تک پابندی عائد کی گئی ہے۔