وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کےستارے گردش میں ہیں اوران کی سیاست الٹ گئی ہے،جبکہ بلاول اچھا کھیلا ہے اوراپنے لیے اچھا راستہ نکالنے جا رہا ہے۔
میڈیا سے بات کرتےہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جیت گئی ہے اور پی ڈی ایم ہار گئی ہے، پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہناتھا کہ بلاول سمجھدار ہے اس نے اچھا کھیلا ہے، وہ اپنے لیے اچھا راستہ نکالنے جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا کے ستارے گردش میں ہیں، ان کی سیاست الٹ گئی ہے، ان کے چہرے کی ہوائیاں اڑ ی ہوئی ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان ایک عالم اور قابل احترام ہیں لیکن انہیں اسلام اور اسلام آباد کے احترام کو بھی ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے، وہ اسلام کی باتیں کریں اسلام آباد کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو سیاستدان مذاکرات کا دروازہ کھلا نہیں رکھتا، وہ کم عقل ہے۔
پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ کا کہناتھا کہ جس دن پی ڈی ایم والے لانگ مارچ کی تاریخ بتائیں گے اسی دن ہم انہیں سیاسی قانونی حق جتائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سورج مشرق کے بجائے مغرب سے تو نکل سکتا ہے لیکن عمران خان سرنڈر نہیں کرے گا، عمران خان حکومت چھوڑ سکتا ہے لیکن این آر او نہیں دے گا۔