ملک بھر میں تعلیمی ادارے  کھولنے اور امتحانات سے متعلق تجاویز پیش

اسلام آباد /کراچی: ملک بھرمیں تعلیمی ادارے مرحلہ وار 25 جنوری سے کھولنے کی تجویز پرفیصلہ پیرکوہوگا۔

وفاقی حکومت کے تحت ملک بھرکے تعلیمی ادارے مرحلہ وارتین حصوں میں کھولنے کی تجویز سامنے آئی ہے اور اس بار پہلے مرحلے میں ملک بھر کے پرائمری سکولز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 اس تجویز پر کوئی بھی فیصلہ پیر 4 جنوری کو ہونیوالی بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں کیا جائیگا جو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہوگی اور چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم اس کانفرنس میں شریک ہونگے۔

نجی ٹی وی کو  موصول کانفرنس کے ایجنڈے کے مطابق ملک بھر کے چاروں صوبوں میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ ہیلتھ ایڈوائزری کی بنیاد پر کوویڈ کیسز کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

 اس سلسلے میں کانفرنس کو تجویز دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں ملک بھر کے سرکاری و نجی پرائمری سکولز 25 جنوری 2021 سے کھول دیئے جائیں جبکہ دوسرے کے مرحلے میں 4 فروری سے مڈل /سیکنڈری سکولز کھول دیے جائیں اور تیسرے مرحلے میں ہائرمڈل/سیکنڈری اور اس کے مساوی تعلیمی ادارے کھولے جائیں۔

محکمہ تعلیم کے افسر نے بتایا کہ”پہلے مرحلے میں پرائمری تعلیمی ادارے کھولنے کی تجویز اس لیے زیر غور ہے کہ موصولہ ڈیٹا کے مطابق ملک میں کوویڈ کی شدت سے سب سے کم چھوٹے بچے متاثرہوئے ہیں اور کوویڈ کم عمر بچوں کو دیگر age group کی طرح اثر انداز نہیں کررہا۔

 تاہم تعلیمی افسر کا کہنا تھا کہاسکول کھولنے سے متعلق یہ تینوں تاریخیں مجوزہ ہیں اور اگر کوویڈ کی صورتحال بدستور خراب رہی تو 19 جنوری کو دوبارہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس بلاکر اس پر غور اور رد بدل کیا جاسکتا ہے تاہم اس سلسلے میں کوئی بھی فیصلہ اس مرض سے بچنے کا قومی رجحان اورہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد و ملک کے نظام صحت پر موجودہ دباؤکو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا“۔

علاوہ ازیں 4 جنوری کو ہونے والے اجلاس کے لیے بنائے گئے ایجنڈے کے مطابق ملک بھر میں سکولز اور بورڈز کی سطح پر امتحانات مئی کے آخر یا پھر جون کے اوائل سے شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس سے قبل اکیڈمک کورس ورک کی تکمیل کرلی جائے گی اسی طرح گرمیوں کی تعطیلات کا دورانیہ کم کیا جائے گا اور نیا تعلیمی سال 2021 اگست سے شروع کیا جائے گا۔